بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڈگام کورٹ کمپلیکس کو ضلع کے اچھگام علاقے میں منتقل کرنے کے حکومتی فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے اس فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ اچھگام ضلع صدر مقام سے 11 کلومیٹر سے بھی زائد فاصلہ پر واقع ہے اور یہاں کورٹ منتقل کیے جانے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انجمن شرعی شیعان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی زیر صدرات بڈگام میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سیول سوسائٹی ممبران، اقلیتی برادری سے وابستہ لیڈران کے علاوہ اوقاف کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں حکومتی فیصلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی متفقہ طور ایل جی منوج سنہا سمیت ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ کے چیف جسٹس سے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی گئی۔