بڈگام:جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بڈگام اومپورہ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی کیمپس کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے موجودہ تعلیمی سیشن 2023 کے دوران انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے والے طلبہ کے نئے بیچ سے خطاب کیا۔
چیف سکریٹری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں چار مختلف رنگین موسموں کے ساتھ ایک خوبصورت آب و ہوا ہے اور وہ NIFT میں اپنے تعلیمی دور میں ان تمام چیزوں کو پسند کریں گے۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں اور آرٹ اور کرافٹ کے علاوہ فیشن اور ڈیزائننگ میں بھی اپنا مقام پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال منانے کے لیے آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت تقریبات منعقد کرنے میں جموں و کشمیر یو ٹی سرفہرست ہے جبکہ حکومت نے ای گورننس میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اپنے دورے کے دوران، ڈاکٹر مہتا نے کاموں کی تکمیل کی حالت کا جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران موصوف نے ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا- جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری نے ڈی جی این آئی ایف ٹی روہت کنسل کے ساتھ نمائش کے دورے کے دوران فیکلٹی اور طلبہ سے بات چیت کی۔