بڈگام (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفس کے اشتراک سے ضلع میں ہائر سیکنڈری اسکولوں کے سربراہان کے لیے ایک اہم صلاحیت سازی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ یہ پروگرام بیروہ کے ٹاؤن ہال میں منعقد کیا گیا جس میں منشیات کی طلب میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان کے عزم پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنس، سرینگر، کے ماہرین نے نشے سے پیدا ہونے والے نفسیاتی امراض کے بارے میں بصیرت افروز معلومات شیئر کی، جس میں منشیات کا استعمال کرنے کا جلد پتہ لگانے اور اس کے تدارک کے بارے میں حکمت عملی کے حوالہ سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ ’’ایڈکش ٹریٹمنٹ فیسلٹی‘‘ بڈگام کے ریسورس پرسنز نے بھی منشیات میں مبتلا افراد کے علاج اور بحالی میں علاقائی باریکیوں پر روشنی ڈالی۔