بڈگام کے کھاگ علاقہ میں واقع شاہ فتح پورہ کے مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار یہ معاملہ ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں لایا، تاہم وہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شاہ فتح پورہ اکیسویں صدی میں بھی بجلی سے محروم لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں چند برس قبل بجلی کے کھمبے لائے گئے تھے۔ تاہم آج تک وہ زمین پر ہی پڑے ہیں۔ یہ گاؤں کافی پسماندہ ہے۔ ضلع انتظامیہ اس گاؤں کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔
عبد الرشید نام کے ایک مقامی شخص نے بتایا کہ انہوں نے یہ مسئلہ کئی بار انتظامیہ کی نوٹس میں لایا تاہم کسی نے بھی ان کی ایک نہ سنی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے چند برس قبل سی ڈی ایف فنڈ سے بجلی کے کمبھے فراہم کیے گئے لیکن وہ پول زمین پر پڑے رہے۔ اس سمت میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
عبد الرشید نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے متعدد بار رابطہ کیا اور ان سے گزارش کی مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہوئے۔
اس ضمن میں جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے محکمہ بجلی کے جونیئر انجیئنر سے بار بار فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے فون اٹھانے کی زحمت نہیں کی۔ مقامی لوگوں نے ضلع اور گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں بجلی فراہم کی جائے۔