بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پولیس نے آج "منشیات کی لت سے بچاؤ" کے موضوع پر ہائر سیکنڈری اسکول پرنیوا بڈگام میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کی میزبانی شاہد ربانی پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول پرنیوا اور انشا حسن انچارج ڈرگ ڈی ایڈکشن اینڈ اسٹریس مینجمنٹ سینٹر ڈی پی ایل بڈگام نے انجام دی۔ اس پروگرام میں پندرہ اسٹاف ممبران اور 120 اسکولی طلباء نے شرکت کی۔
اس موقعے پر بولتے ہوئے انشا حسن نے اسکول انتظامیہ کے کردار پر روشنی ذالتے ہوئے کہا کہ نشہ آور اشیاء کی نشاندہی کرنے اور ان کے تدارک کے لیے اسکولوں کی انتظامیہ مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے نشے کی لت میں مبتلا افراد میں بڑھتی ہوئی نفسیاتی بیماریاں اور اس سے سماج میں بڑھتی ہوئی برائیوں پر بھی توجہ دینے زور دیا۔ منشیات کی لت میں جو افراد مبتلا ہوئے ہیں، ان کی طرز زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور خاص طور پر اس میں مبتلا نوجوانوں کو کن احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا چاہیے، اس پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تمام شرکاء نے کبھی بھی کسی بھی قسم کی نشہ آور شے کے استعمال میں ملوث نہ ہونے کا عہد کیا۔ یہ پروگرام ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان کی ہدایت پر منعقد کیا گیا تھا اور اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد شرکاء میں منشیات کی لت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس موقعے پر معاشرے میں پھیلی برائیوں بالخصوص منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے شرکا سے تعاون طلب کیا گیا۔