بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منشیات کے بڑھتے رجحان سے نمٹنے اور نئی نسل کو اس سے دور رکھنے کی غرض سے بڈگام پولیس نے ہائر سیکنڈری اسکول اچھگام میں ’’منشیات کی لت سے بچاؤ‘‘ کے موضوع پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کی میزبانی ہائر سیکنڈری اسکول اچھگام کی پرنسپل ریحانہ جبین اور ڈی پی ایل بڈگام میں ڈرگ ڈی ایڈکشن اینڈ اسٹریس مینجمنٹ سینٹر کی انچارج انشا حسن نے کی۔ تقریب میں 100 سے زائد طلباء اور اسکولی عملہ نے شرکت کی۔
انشا حسن نے منشیات کا استعمال کرنے والے (طلبہ) کی شناخت میں اسکول انتظامیہ کے کردار کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی اس بدعت کا تدارک کرنے کے لئے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا۔ نشے سے پیدا ہونے والے نفسیاتی امراض اور اس سے سماج میں بڑھتی برائیوں پر بھی زور دیا گیا۔ اس موضوع پر مزید بات چیت کرتے ہوئے منشیات کی لت میں مبتلا افراد کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کی تلقین کی گئی اور حاضرین سے کسی بھی مدد کے لئے آگے آنے پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے کسی بھی قسم کے نشہ آور اشیاء کو استعمال کرنے سے پرہیز کرنے کا عہد کیا۔