بڈگام:جموں و کشمیر پولیس معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے وادی بھر میں مسلسل اس ضمن میں کاروائیاں انجام دے رہی ہے۔ اسی حوالے سے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ بڈگام پولیس نے ان کے قبضے سے سائکوٹروپک مادہ برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک گاڑی کو بھی ضبط کرلیا۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ حیدر پورہ فلائی اوور کے قریب بائی پاس پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر JK01T-5282 کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس میں 02 افراد سوار تھے۔ پولیس پارٹی نے جوں ہی انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس پارٹی نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں دبوچ لیا۔ بعدازاں گاڑی کی چیکنگ کرنے پر گاڑی سے کنٹرولڈ منشیات LARKOF-C کی 24 بوتلیں (100 ملی لیٹر) (کوڈین فاسفیٹ) برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ان دونوں افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا اور اس جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی بڈگام پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔