بڈگام (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے بدرن پل کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن ماگام کی ٹیم نے دو افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے دیکھ انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ بڈگام پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی نے انہیں ایک خاص حکمت عملی کے تحت گرفتار کر لیا۔
بڈگام پولیس کے مطابق دونوں افراد کی تلاشی کے دوران پولیس کو ان کے قبضے سے 105 گرام چرس جیسا مادہ برآمد ہوا جس کے فوراً بعد دونوں منشیات فروشوں کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ بڈگام پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروشوں کی شناخت فیاض احمد وانی ولد عبد الرحمان وانی ساکنہ پنجورہ، کنزر اور سجاد احمد ڈار ولد عبد العزیز ڈار ساکنہ گنڈ دالواش، کھاگ کے طور پر کی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 75/2023 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن ماگام میں درج کر لی ہے اور اس ضمن میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔