بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کے شولی پورہ علاقے میں گشت کے دوران ہائیر سکینڈری اسکول، شولی پورہ، کے قریب مشکوک حالت میں گھوم رہے دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رکنے کے بجائے انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں جلد ہی دھر لیا۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی تلاشی کے دوران 124 گرام چرس اور 10000 روپے نقدی برآمد ہوئی پولیس نے ان کے دو موبائل فون بھی ضبط کر لیے، جبکہ ملزمین کو حراست میں لے لیا گیا۔
بڈگام پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت شوکت احمد بھٹ، عرف دادا، ولد عبدالسلام بھٹ اور سمیر احمد بھٹ، عرف بِلا، ولد علی محمد بھٹ ساکنان شولی پورہ، بڈگام کے طور پر کی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر 28/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش سمیر نامی ایک ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی رہائش گاہ پر مزید ممنوعہ مادہ (منشیات) ذخیرہ کر رکھا ہے۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کر مزید 116 گرام چرس 600 گرام پوست کا بھوسا اور 19000 روپے نقد ضبط کیے۔ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔
بڈگام پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن بڈگام کو منشیات سے متعلق ایک اور اطلاع موصول ہوئی کہ مہاورہ علاقے میں دو منشیات فروش نوجوانوں کو منشیات فروخت کر رہے ہیں۔ پولیس اسٹیشن بڈگام کی پولیس ٹیم نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دونوں منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 106 گرام بھنگ اور 228 گرام بنگ پتری کو ضبط کر لیا۔ گرفتار کیے گئے منشیات فروشوں کی شناخت لیاقت احمد بابا ولد محمد یوسف بابا اور عمر احمد ریشی ولد حسن ریشی دونوں گنڈ علی نائک، بڈگام کے رہائشی ہیں۔ اس ضمن بڈگام پولیس نے ایک ایف آئی آر 30/2023 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔