بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک بچے کو اغوا کرنے کے الزام میں غیر مقامی خاتون گداگر کو گرفتار کر لیا ہے۔ بڈگام پولیس نے اس حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کھاگ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک غیر مقامی خاتون، جو دالواش گاؤں میں بھیک مانگ رہی تھی، نے کھاگ علاقے میں ایک 4 سالہ بچے کو اغوا کر لیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس خاتون گداگر نے بچے کو اسکارف کے نیچے چھپانے کی کوشش کی جسے دیکھ کر کچھ مقامی خواتین کو شک ہوا اور انہوں نے پولیس اسٹیشن کھاگ کو اس بارے میں مطلع کیا۔ اطلاع موصول ہونے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کھاگ کی ایک پارٹی جس میں (خواتین) لیڈی پولیس اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھی موقع پر پہنچیں۔ علاقے میں پہنچتے ہی خاتن پولیس اہلکاروں نے مغویہ بچے کو بازیاب کرکے اغوا کرنے والی غیر مقامی خاتون گداگر کو گرفتار کر لیا۔
بڈگام پولیس نے بچے کو اغوا کرنے والی غیر مقامی خاتون گداگر کی شناخت چڑی دیوی، زوجہ کھنا رام ساکنہ دھنسر، ہنومان گڑھ، راجستھان کے طور پر ظاہر کی ہے۔ اس ضمن میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 17/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کھاگ میں درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد بچے کو ورثاء کے سپرد کر دیا۔ مقامی باشندوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کی سراہنا کی ہے وہیں پولیس نے بھی عوام سے کسی بھی مشکوک انسان، یا سرگرمی کے بارے میں فوری طور پولیس کو مطلع کرنے کی اپیل کی ہے۔