بڈگام (جموں و کشمیر):پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 81/2023 میں بڈگام قصبہ سے تعلق رکھنے والے دو منشیات فروشوں کو ہیروئن نما مادہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور اسی کیس کی تفتیش کے دوران دونوں منشیات فروشوں کے انکشاف پر بڈگام کے ہی شیخ پورہ علاقے سے مزید دو افراد کو ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش جس کی شناخت سید تصدق شفیع ولد محمد شفیع شیخ ساکنہ موم خان، بادام واری سرینگر کے طور پر کی گئی ہے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے پاس سے 884 گرام ہیروئن نما مادہ اس کے گھر سے برآمد ہوا اور ساتھ ہی 88,700 روپے نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔