بڈگام (جموں و کشمیر) :ڈائریکٹوریٹ آف فارنسک سائنسز، جموں و کشمیر، کی ایک ٹیم نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کا دورہ کیا اور حادثہ کی جگہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ ثبوتوں کو جمع کیا۔ فارنسک ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر، ایف ایس ایل، سرینگر، ایک ڈی این اے ماہر، ایک سائبر ماہر اور فنگر پرنٹ کے ماہر بھی شامل تھے۔
بڈگام ضلع میں ہوئے ایک خاتون کے قتل کے معاملہ کی باریک بینی سے چھان بین کی غرض سے بڈگام پولیس کے ہمراہ فارنسک ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور جاے وقوعہ سے مختلف سیمپلز جمع کیے۔ ذرائع کے مطابق فارنسیک ٹیم نے موقع سے مقتولہ کے بالوں کے نمونے بر آمد کیے ہیں جبکہ اس کے علاوہ دو مقامات پر موجود خون کے دھبوں کا بھی نمونہ جمع کیا گیا۔
ماہرین کی جانب سے جمع کیے گئے نمونے پولیس ٹیم کے سپرد کیے گئے جنہیں تحویل کے سلسلے کے بعد فارنسک معائنے کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ فارنسک عمل کو محفوظ رکھنے کے لیے پوری جانچ کے دوران عکس بندی بھی کی گئی۔