ضلع بڈگام کے شیخ العالم کانفرنس ہال میں صحافیوں کی تنظیم بڈگام جرنلسٹس ایسو سی ایشن کی جانب سے منعقد کیے گئے سیمنار میں ضلع کے درجنوں صحافیوں سمیت اے ڈی بڈگام، سی ایم او سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
سیمنار میں صحافیوں، قلمکاروں، سماجی کارکنان اور انتظامیہ کے افسران نے موجودہ دور میں صحافت کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر اے ڈی سی بڈگام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’معاشرتی و معاشی ترقی میں میڈیا ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڑرز پر زور دیا کہ وہ عوام کے مفاد کے لئے بروقت اور مستند خبروں کو منظر عام پر لانے کے لئے جوش و جذبے سے کام کریں۔
اے ڈی سی نے بے بنیاد اور غلط خبروں کی تشہیر سے بچنے سے متعلق میڈیا اداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میڈیا اداروں کو سنسنی خیز خبروں سے گریز کر کے صحیح اور مستند خبریں اور رپورٹس پر زور دینا چاہئے۔‘‘