بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں شبانہ آتشزدگی کے دوران ایک درجن بکریاں جھلس کر ہلاک ہو گئیں۔ یہ حادثہ سب ڈویژں چاڈورہ کے ریپورہ گاؤں میں گزشتہ رات پیش آیا جب ایک گؤ خانہ میں آگ لگنے سے کم از کم ایک درجن بکریاں جھلس کر ہلاک ہو گئیں۔ اس حوالہ سے ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ریپورا گاؤں میں کل دیر رات گئے ایک گؤ خانہ، جس میں بھیڑ بکریاں تھی، سے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس نے آناً فاناً گؤ خانہ کو اپنی زد میں لے لیا۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ آگ کی اس ہولناک واردات میں گؤ خانہ مکمل طور پر خاکستر ہوگیا ہے اور اس ایک درجن بکرے بھی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی تاہم مقامی باشندوں کا گمان ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے نمودار ہوئی۔ دریں اثنا، پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ سے لگی ہے تاہم اس ضمن میں انکوائری کے بعد ہی اصل اور پوری حقیقت سامنے آئے گی۔