دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی سہولت پہنچانے اور پنچایت راج سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے ڈی ڈی سی اور پنچایت انتخابات کرائے گئے، تاہم بیشتر علاقوں کے لوگوں کی شکایت ہے کہ انکے نمائندے لوگوں کو درپیش مسائل کے ازالہ کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے۔
ای ٹی وی بھارت نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ایک دور دراز علاقے (بلاک)کھاگ کے لچن پورہ علاقے کا دورہ کیا۔ لچن پورہ کے خان محلہ میں کئی برس قبل ایک رابطہ پل تعمیر کیا گیا تھا جو دو برس قبل پانی کے تیز بہاؤ کے سبب منہدم ہو گیا۔
دو برس کا طویل عرصہ گزرنے اور بارہا اسکی مرمت یا جدید پل تعمیر کرانے کی غرض سے مقامی باشندوں نے متعلقہ محکمہ جات سمیت منتخب عوامی نمائندوں سے رجوع کیا، تاہم ان کے مطابق ’’انتظامیہ سمیت عوامی نمائندے خواب غفلت میں ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے پل کی تعمیر نو کی اپیل کی تاہم آج تک اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔