وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ترقیاتی کمشنر نے تحصیل بیروہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں بلاک دیوس کے سلسلے میں ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ڈی سی بڈگام سے ملاقات کی۔
اس موقع پر عوامی وفود نے ڈی سی بڈگام سے ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل ان کے سامنے رکھے اور ان کو جلد از جلد حل کرنے کی گزارش کی۔
عوامی وفود نے ڈی سی بڈگام سے علاقے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی گزارش کی۔ اس کے علاوہ لوگوں نے سڑکوں کو میکڈمائز کرنے کو اولین ترجیحات میں شامل رکھنے اور دیگر مطالبات پر فی الفور کارروائی کرنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں؛ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کا خیرمقدم: امریکہ
وفود میں شامل مرد و زن ڈی سی بڈگام شہباز احمد مرزا سے سب ضلع اسپتال بیروہ میں ایکسرے کی سہولیات فراہم کرنے اور ایس ڈی ایم آفس کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی قصبہ بیروہ میں ناجائز تعمیرات کو ہٹائے جانے کے علاوہ بیروہ جنرل بس اسٹینڈ کی تعمیر و ترقی کو زیر غور رکھے جانے کی گزارش کی۔
ڈی سی بڈگام نے وفود کی شکایات کو بغور سننے کے بعد عوام کو بتایا کہ ’’ضلع انتظامیہ آپ کی ان تمام شکایات کا ازالہ جلد از جلد کرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘
عوامی دربار کے دوران ڈی سی بڈگام نے پہلے ہی کاغذی و دیگر لوازمات پورا کرنے والے افراد میں ڈومیسائل، انکم اور بیکوارڈ اسناد اجرا کئے۔