بڈگام (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے، نوروز اور نوراتری تہواروں کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ اور انہیں حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں مختلف محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران افسران کو ماہ مبارک کے دوران عوام الناس کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ اے ڈی ڈی سی نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ ماہ مبارک خاص کر سحری و افطاری کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا۔ اے ڈی ڈی سی نے محکمہ جل شکتی کے افسران سے بھی ضلع کے سبھی علاقوں میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فعال انتظامات اتھائے جانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایف سی ایس اینڈ سی اے سے بھی کھانے پینے کی اشیاء کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ ’’ناجائز منافع خوری، شرپسندوں کی جانب سے مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئے جائیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مارکیٹ ٹیمیں ضلع کے سبھی بازاروں میں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔