بڈگام (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ضلع سویہ بگ بلاک کے پنچایت حلقہ ہاکرمولہ میں ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ بلاک دیوس کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی سی)، بڈگام، ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے کی۔ پروگرام میں علاقہ ہاکرمولہ، گلوان پورہ، سویہ بگ، وہاب پورہ اور دیگر ملحقہ دیہات کے مقامی پی آر آئیز، معزز شہریوں کے علاوہ مقامی نوجوانوں کے وفود نے بھی اپنے مطالبات حکام تک پہنچائے۔
اے ڈی ڈی سی نے شکایت کنندگان کے مطالبات کو سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ عوام کے سبھی حقیقی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جائے گا۔ اے ڈی ڈی سی بڈگام نے پنچایت حلقہ میں جاری تمام ترقیاتی پروجیکٹس کی سرعت سے تکمیل پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ پروگرام عام لوگوں سے از خود رائے دینے اور رائے لینے اور ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔‘‘