Block Diwas in Raithan خانصاحب کے پنچایت حلقہ رائتھن میں بلاک دیوس کا انعقاد - block diwas latest news
بلاک خانصاب کے پنچایت حلقہ رانتھن علاقہ میں ڈی سی بڈگام کی صدارت میں بلاک دیوس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں آس پاس علاقوں کے لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ڈی سی کے سامنے لائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی اپیل کی ۔
بڈگام:ڈپٹی کمشنر بڈگام، ایس ایف حامد نے دور دراز پنچایت حلقہ رائتھن بلاک خانصاحب میں بلاک دیوس پروگرام کی صدارت کی۔ یہ پروگرام گورنمنٹ مڈل اسکول میں منعقد ہوا، جہاں رائتھن، وتریڈ، کاچہ واری، کیچ اور دیگر ملحقہ دیہاتوں کے پی آر آئیز، معزز شہریوں اور مقامی نوجوانوں کے وفود نے ڈی سی کے اپنے اپنے علاقے کے مطالبات سامنے رکھے۔اس موقع پر اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، ایس ڈی ایم خانصاحب سید احمد کٹاریا، سی ای او، ایکزن پی ڈی ڈی، آبپاشی، اے آر ٹی او، بی ڈی او، تحصیلدار، سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پے ڈی سی بڈگام نے تمام وفود کے مسائل سنے اور ان کے تمام حقیقی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی سی نے کہا کہ لوگوں کی مجموعی ترقی کے ساتھ ساتھ خود روزگار اور صفائی ستھرائی ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے مقامی بیروزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف سیلف ایمپلائمنٹ کے تحت رجسٹریشن کرائیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور کامیاب کاروباری بن سکیں۔ بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے، ڈی سی نے کہا کہ مقامی لوگوں میں مختلف اسکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک مشترکہ بیداری کیمپ رائتھن میں 6 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے بیج کی اقسام کی تقسیم اور عام لوگوں کو مختلف خدمات کے لیے فارم جمع کرانے میں سہولت فراہم کریں گے۔ ڈی سی نے سڑکوں، ٹرانسپورٹ، تعلیمی اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افراد کو جاری کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پی ڈی ڈی حکام کو ہدایت دی کہ وہ بہتری کے کاموں کی انجام دہی اور کھمبوں کی تنصیب اور سکول کے احاطے سے لائنوں کی منتقلی کو جنگی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی سی نے زور دیا کہ کھیل کے میدان پر کام کو بروقت مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:Back to village program پرنسپل سکریٹری جنگلات اور ماحولیات نے اچگام کا دورہ کیا
انہوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایک بہتر معاشرے کے لیے منشیات کی بدعت کے خاتمے اور نوجوان نسل کی حفاظت کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ڈی سی نے اس ضمن میں علمائے دین سے درخواست کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے منشیات یا کسی اور سماجی برائی سے دور رہیں۔ ڈی سی نے سڑکوں کی ترقی، نکاسی آب کے نیٹ ورک اور متعلقہ دفاتر کی طرف سے مقامی لوگوں کو فراہم کی جانے والی پینے کے پانی، بھیڑ اور مویشی پالنے، زراعت اور دیگر متعلقہ شعبوں سے متعلق سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ رائتھن-کاچہ واری سے سڑک کے منصوبے کی ترقی اور ڈرینیج اور حفاظتی دیواروں سمیت دیگر اندرونی سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کے کام کو تیز کریں۔