بڈگام (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے کھاگ علاقے میں ریچھ نے ایک خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا۔ ایک اہلکار نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون - جس کی شناخت خدیجہ زوجہ عبد الغنی نائک ساکن کوکر باغ، تحصیل کھاگ - اپنے آبائی گاؤں میں ریچھ کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہو گئی۔
ذرائع بتایا کہ خاتون ریچھ کے حملے میں اس قدر شدید زخمی ہو گئی کہ اسے کھاگ اسپتال پہنچاتے ہی معالجین نے فوری طور پر بہتر طبی امداد کے لیے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ منتقل کر دیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر، مقامی لوگوں نے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے علاقے میں گھوم رہے جنگلی جانوروں کو پکڑ کر واپس نیشنل پارک یا جنگل میں چھوڑے جانے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔