جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے کاؤسہ خالصہ علاقہ میں تیسرے روز بھی ممکنہ عسکریت پسند کی لاش کو نالہ سوکھ ناگ سے نکالنے کی کوشش جاری رہی جس دوران مرین کمانڈوز نے دریا سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔
مرین غوطہ خوروں نے پانی کے اندر سے ایک پالتھین کا لفافہ برآمد کیا جس کے اندر سے ایک ہینڈ گرینیڈ، ایک AK-47 میکزین اور دو موبائل فون موجود تھے۔
غور طلب ہے کہ سوموار دوپہر کے بعد کاؤسہ خالصہ علاقہ میں ایک فائرنگ کا واقع پیش آیا جس میں فوج کی جانب سے ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
فوج کو کاؤسہ کے پنچایت گھر اور زیارت کے نزدیک والے محلے میں عسکریت پسندوں کے موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی تلاش شروع کی۔
اس دوران وہاں گولیوں کی گھن گرج بھی سنائی دی جو 3 سے 5 منٹ تک جاری رہی۔بعدازاں 53 آر آر اور 2 آر آر، ایس او جی، سی آر پی ایف 176 بٹالین اور بڈگام پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
پولیس کے مطابق عسکریت پسند کو فرار ہونے کے دوران ٹانگ میں گولی لگی جس کے بعد اس نے دریا میں چھلانگ لگائی تاکہ دریا پار کر کے وہ باگنے میں کامیابی حاصل کر سکے، مگر فورسز نے اس کو دریا پار کرتے ہوئے ہلاک کیا۔ تاہم اب تک لاش برآمد نہیں ہوئی ہے۔