بڈگام (جموں و کشمیر) :ایرانی انقلاب کے بانی آیت اللہ خمینی کی چونتیسویں برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعان، جموں و کشمیر، کے زیر اہتمام وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک سیمنار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سیمنار جامعہ باب العلم، میر گنڈ، بڈگام میں منعقد ہوا۔جس میں ’’اسلام بیداری اور امت کے اتحاد میں امام خمینیؒ کا کردار‘‘ کے عنوان سے اہل تشیع سمیت اہل سنت والجماعت سے تعلق رکھنے والے علماء و مبلغین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امام خمینی کے تئیں خراج عقیدت پیش کیا۔
سیمنار میں اسکولی بچوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے ایرانی انقلاب اور امت مسلمہ کو متحد کرنے کے لئے امام خمینی کوششوں اور ان کی سوانح حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں ماضی قریب کی تاریخ ساز اور با اثر شخصیت قرار دیا۔ تقریب میں ایران سے آئے عالم دین اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نمائندہ سید علی زادہ موسوی نے بھی شرکت کی اور کشمیر میں خمینی کے تئیں محبت و احترام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر سمیت بھارت بھر میں امام خمینی کے تئیں عقیدت و احترام قابل رشک ہے اور موجودہ دور میں خمینی کے افکار و تعلیمات پر گامزن ہونے میں ہی مسلمانوں کی کامیابی راز مضمر ہے۔‘‘