بڈگام (جموں کشمیر) : لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پنچایت حلقہ جاول پورہ کا دورہ کیا۔ مشیر نے جاول پورہ میں منعقدہ بلاک دیوس کی صدارت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر، بڈگام اکشے لابرو، اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، پی آر آئی ممبران، ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران اور دیگر سیکٹورل افسران بھی مشیر کے ہمراہ تھے۔
بلاک دیوس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل جی کے مشیر بھٹناگر نے پنچایتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: ’’پنچایتیں ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان کو مکمل ترقی کے لیے بااختیار بنانا ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ مشیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سڑکوں کے منصوبوں پر کام جلد از جلد شروع کیا جائے اور مقامی آبادی کے ساتھ بہتر رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ جل شکتی حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ جے جے ایم کے تمام کاموں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنائیں اور تمام موجودہ پانی کی پائپ لائنوں اور آبی ذخائر کے کام کو تیز کریں۔ مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں فلٹریشن پلانٹس کی دیرینہ مانگ دہرائی۔