بڈگام (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے منگل کو ضلع کے خان صاحب علاقے میں ایک پٹواری کو رشوت طلب کرنے اور اسے قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے کے ایک پٹواری عبدالرشید میر - جو پٹواری حلقہ آریگام میں تعینات تھا - کو اے سی بی سنٹرل کشمیر کی خصوصی ٹیم نے شکایت کنندہ سے 1500 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ پٹواری سے رقم آزاد گواہوں کی موجودگی میں موقعے پر ہی برآمد کی گئی۔ پٹواری عبد الرشید میر کو گرفتار کرنے کے بعد کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اے سی بی سرینگر کو بڈگام کے ایک رہائشی (شکایت کنندہ) کی جانب سے تحریری طور ایک شکایت موصول ہوئی جس میں اس نے حکام کو مطلع کیا کہ کسی کام کے سلسلے میں وہ اپنے حلقے کے پٹواری کے پاس گیا جس کے عوض پٹواری کی جانب سے رشوت طلب کی گئی - جو کہ سراسر غیرقانونی ہے ۔