بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ساتویں نارکو کوآرڈینیشن کمیٹی (NCORD) کا اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ یہ ضلع میں منشیات کے استعمال کے خلاف نامزد اراکین کی طرف سے کی گئی کوششوں کا جائزہ لینے کی غرض سے طلب کی گئی ہے۔ میٹنگ کے دوران سماج سے منشیات کا قلع قمع کرنے کے لیے ٹھسوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی بڈگام طاہر گیلانی نے کہا کہ ’’منشیات کا بڑھتا رجحان سنگین اور تشویشناک ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس خطرے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’منشیات فروش کو منشیات استعمال کرنے والے سے الگ کرنے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ منشیات استعمال کرنے والا اس بدعت کا شکار ہوتا ہے جبکہ منشیات فروش معاشرے میں اس بدعت کو پھیلانے کا کام کرتا ہے۔‘‘
ایس ایس پی بڈگام نے مزید کہا: ’’سماج سے اس برائی کو روکنے کے لیے پولیس اور سیول انتظامیہ کو جنگی بنیادوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ کمیٹی کے مختلف افسران نے متعلقہ محکموں کی طرف سے ضلع میں کی گئی تازہ ترین پیشرفت اور سرگرمیوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ میڈیا کے مختلف ذرائع سے بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کی گئی ہے اور منشیات کی اسمگلنگ پر کڑی نظر رکھنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ پروموشنل سرگرمیاں بھی انجام دی گئی ہیں۔