وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جمعرات کو ریچھ نے 55سالہ شہری کو دبوچ لیا، تاہم مقامی باشندے اُسے ریچھ کے پنچوں سے زندہ بچانے میں کامیاب ہو گئے۔
ضلع بڈگام کے شوپلیئن، کھاگ علاقے میں پیش آئے اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔
ریچھ کے حملے میں معمر شہری معجزاتی طور بچ نکلا وائرل ویڈیو میں ایک نوجوان کو ریچھ پر ڈنڈے سے حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ نوجوان کی بروقت کارروائی کی وجہ سے معمر شہری کو ریچھ کے پنجوں سے چھڑا لیا گیا۔
ریچھ کے اس حملے میں کھاگ کے رہنے والے معمر شہری غلام قادر شیخ زخمی ہو گئے۔ زخمی غلام قادر کو مقامی باشندوں نے فوری طور نزدیکی طبی مرکز پہنچایا جہاں معالجین نے انہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا۔
نمائندے کے مطابق غلام قادر پر ریچھ نے جمعرات کی صبح اُس وقت حملہ کیا جب وہ کام کے سلسلے میں گھر سے نکلے تھے۔
واقعے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریچھ کو دبوچ لیا۔
وائرل ویڈیو سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نوجوان کی ہمت اور بر وقت کارروائی کی سراہنا کی جا رہی ہے۔