پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ کے صدر اومیش کشواہا نے پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے پارٹی کے سرگرم نوجوان رہنما و جامعہ جمہوریہ محی العلوم ارئی دربھنگہ کے سکریٹری عبد الباقی صدیقی پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ریاستی صدر نے عبد الباقی کے متحرک اور فعالیت کے سبب جے ڈی یو کا ریاستی سکریٹری نامزد کیا ہے۔ ریاستی سکریٹری بنائے جانے پر جے ڈی یو کے سینئر مسلم رہنماؤں نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے عبد الباقی صدیقی کو مبارکباد دی۔Abdul Baqi Elected State Secretary of JDU
اس سلسلے میں آج درگاہ حضرت شاہ جلال شہید نزد پٹنہ ہائی کورٹ انتظامیہ کمیٹی کے دفتر میں عبد الباقی صدیقی کو دیے گئے شاندار استقبالیہ میں رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر خالد انور، بہار سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ، بہار شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید افضل عباس، سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اظہار احمد، جنرل سکریٹری میجر اقبال حیدر، شگفتہ پروین سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران و کارکنان نے حصہ لیا اور پھول مالا پہنا کر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر عبدالباقی نے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے اسے وہ بخوبی نبھائیں گے اور پارٹی کے استحکام کے لیے دل و جان سے پورے بہار میں کام کریں گے۔ پارٹی کے اعلیٰ رہنماؤں نے مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سمیت پارٹی کے تمام اراکین کا ممنون و مشکور ہوں۔