گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی جانب سے عالمی یوم اردو اور قومی یوم تعلیم کے موقعہ پر سہ روزہ ' جشن اردو ' کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں بہار سمیت بیرون ریاست کی یونیورسٹیوں کے متعدد پروفسرز نے شرکت کی۔ شعبہ اُردو مگدھ یونیورسٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ پروگرام 9،10،11 نومبر کو باترتیب منایا جارہا ہے ۔ آج اس سہ روزہ جشن اُردو کی صدارت صدر شعبہ اردو ڈاکٹر ابواللیث شمسی نے کی۔پروگرام میں مہمان کی حیثیت سے صدر شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمرالہدیٰ فریدی شامل ہوئے۔ اس پروگرام میں کالج آف کامرس، آرٹ اور سائنس پٹنہ کے پروفیسر ڈاکٹر صفدر امام قادری بھی شامل ہوئے۔
اس موقعے پر اُردو کے حوالے سے مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سبھی نے اُردو کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ کالج اور یونیورسٹی سے اردو کے فروغ پر اچھا کام ہوسکتا ہے جبکہ اس موقع پرمگدھ یونیورسٹی کے پراکٹر و ڈی ایس ڈبلیو ڈاکٹر پروفیسر بریجیش کمار رائے نے بھی پروگرام میں شرکت فرمائی اور اپنی ذمہ داریوں اور مصروفیتوں سے وقت نکال کر اردو کی محبت میں اس پروگرام میں شرکت کیا ، اس دوران اُنہوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اردو محبت کی زبان ہے۔