گیا:بہار میں پڑرہی شدید گرمی اور لو کے درمیان پٹنہ حج بھون میں دن گزارنے کے بعد رات میں حج بھون پٹنہ سے گیا تک کے طویل سفر اور پریشانیوں کے درمیان عازمین حج کی طبیعت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ گیارہویں قافلے کے دوسرے طیارے سے جانے والے بی آر ایف 11 کی ایک خاتون ام الوریٰ کی گیا ہوائی اڈے پر اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ جس کے بعد ہوائی اڈہ پر موجود ہیلتھ کیمپ کے ڈاکٹروں نے فوری طور پر ابتدائی علاج کیا، انہیں آکسیجن لگایا۔ ضروری دوائی دینے کے بعد فوری طور پر انہیں مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال لائف سپورٹ سسٹم والی ایمبولینس میں لے کر گئے۔ جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت سنگین دیکھتے ہوئے پٹنہ پی ایم سی ایچ ریفر کردیا۔
خاتون ام الوریٰ کے ساتھ ان کے شوہر سید محمد رضوان الحق بھی حج کے سفر پر روانہ ہونے والے تھے، طبیعت خراب ہونے کے بعد وہ بھی کافی پریشان نظر آئے لیکن ایئرپورٹ پر موجود سرکاری عملہ خاص طور پر نوڈل افسر اور رضاکار نہ صرف ان کی مدد کرتے نظر آئے بلکہ ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ اللہ پر بھروسہ رکھیں ہم سب یہاں آپ کی خدمت میں موجود ہیں۔ اللہ سب ٹھیک کر دے گا۔ آپ مبارک سفر پر روانہ ہونے والے ہیں، طبیعت ان کی ٹھیک ہو جائے گی، ایئرپورٹ پر تعینات ڈاکٹر ندیم نے بتایا کہ خاتون ام الوریٰ جن کی عمر قریب 55 برس تھی۔ انہیں اچانک الٹی ہونے کے ساتھ وہ بے ہوش ہوگئیں۔ جس کے بعد خواتین ہیلپ ڈیکس کی مدد سے انہیں ہیلتھ کیمپ میں لے جا کر ابتدائی علاج شروع کیا گیا۔ یہاں ابتدائی علاج اور آکسیجن چڑھانے کے ساتھ انہیں فوری طور پر پر مگدھ میڈیکل اسپتال بھرتی کرایا گیا جہاں پر جانچ اور علاج کے بعد پٹنہ ریفر کردیا گیا۔
رشتہ داروں نے انہیں پٹنہ کے ایک نجی اسپتال میں بھرتی کرایا ہے، خاتون بہار کے ویشالی ضلع کی رہنے والی ہیں اور پہلے سے وہ کئی بیماریوں کی زد میں تھیں ان کے شوہر رضوان الحق نے بتایا کہ دل کا مرض اُنہیں لاحق تھا، تین نسیں ان کی بلاک تھیں، لیکن وہ ابھی کچھ مہینوں سے بہتر تھیں، حج پر جانے کا بڑا شوق اور تڑپ تھی، اللہ ان کے اس جذبے کو قبول کرے اور اپنے مقدس گھر کا طواف اور اپنے محبوب حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ مبارک کی زیارت نصیب فرمائے، اللہ انہیں شفائے کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔