پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج 'سمادھان یاترا' کے دوران کیمور ضلع میں مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کیمور ضلع کے تحت بھگوان پور بلاک کے پڑھوتی میں واقع وارڈ نمبر 9 کا دورہ کر کے مویشی اور ماہی پروری وسائل محکمہ کے پڑھوتی تال ،ہر گھر نل کا جل اور وزیر اعلیٰ دیہی سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم وغیرہ کا جائزہ لیا۔ جیویکا دیدیوں اور کسان کے ذریعہ آبپاشی کر کے آرگینک تکنیک سے پیاز، سرسوں، مٹر، چنے وغیرہ کی کاشت کی جارہی ہے ، جس کا وزیر اعلیٰ نے معائنہ کیا ۔ ا س دوران کسانوں نے وزیر اعلیٰ کو اسپنکلر آبپاشی اور اور آرگینک تکنیک سے کی جارہی کھیتی سے ہو نے والے فائدہ کے بارے میں جانکاری دی ۔ کسانوں نے بتا یا کہ اس آبپاشی کے طریقہ سے کھیت کی آبپاشی کر نے پر کھیت کی نمی جلد ہی ختم ہو جاتی ہے جس سے پیاز کا سائز بڑا ہو تا ہے ۔ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کو فروغ دیں ، یہ کسانوں کے لیے فائدہ مند ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے پڑھوتی گاؤں کے وارڈ نمبر 9 میں واقع مہادلت بستی کا جائزہ لیتے ہوئے لوگوں کے مسائل سنے اور افسران کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے بہار مہادلت کمیونٹی بلڈنگ کم ورک شیڈ پڑھوتی کا دورہ کیا۔ اس کے ساتھ وزیر اعلیٰ نے بہار مہادلت ڈیولپمنٹ مشن کے تحت چلائے جانے والے روی داس کشوری گروپ اور امبیڈکر کشوری گروپ کی لڑکیوں سے گفتگو کی۔ گاؤں پڑھوتی کے وارڈ نمبر 7 میں وزیر اعلیٰ نے جل جیون ہریالی مہم کے تحت مرمت شدہ کنویں اور سوختہ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔