ریاست بہار میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سبب ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہے۔ یہ سیاسی سرگرمیاں برسر اقتدار کی نہیں بلکہ عظیم اتحاد میں شامل اہم پارٹی کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کی ہے۔
ایک طرف کانگریس کے رکن اسمبلی شکیل احمد خان نے ضمنی انتخابات میں کانگریس کو نظر انداز کیے جانے پر شدید نکتہ چینی کی تو وہیں آج آر جے ڈی کی جانب سے شکیل احمد خان پر جوابی حملہ کیا گیا۔
آر جے ڈی یوتھ کے ریاستی صدر قاری صہیب نے قدوا سے کانگریس کے رکن اسمبلی شکیل احمد خان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'شکیل صاحب سے آر جے ڈی کو سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ جہاں تک ٹکٹ کی بات ہے تو کانگریس سے بات کر کے آر جے ڈی نے قدم بڑھایا ہے، کیونکہ اس وقت این ڈی اے اتحاد کو آر جے ڈی ہی واحد پارٹی ہے جو ٹکر دے سکتی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'کانگریس اگر چاہتی ہے کہ این ڈی اے اتحاد کو شکست دیں تو اسے آر جے ڈی کی حمایت میں آگے آنا چاہیے ناکہ اپنے امیدوار اتارنا چاہیے۔'