گیا: وزرات اقلیتی امور مرکزی حکومت کی جانب سے حج 2024 کی پالیسی جاری ہو چکی ہے، فارم پر کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ البتہ حج کمیٹی کی ویب سائٹ بے حد دھیمی ہے، لیکن بہار میں اس بار کوشش ہے کہ متعینہ کوٹے تک رسائی کی جائے، بہار کے نالنده ضلع میں مدرسہ عزیزیہ میں فارم پر کرنے میں رہنمائی کی جارہی ہے، ضلع گیا میں جامعہ برکات منصور، مدرسہ ترتیل القرآن کے علاوہ حج ٹرینر ڈاکٹر تنویر عثمانی وائٹ ہاؤس، عبد المحصی کریمی، موتی کریمی رہائش عنایت کالونی، حاجی یوسف رضوی حج ٹرینر نیو کریم گنج وغیرہ میں حج فارم پر کرنے کی رہنمائی کی جارہی ہے۔ جب کہ نواده ضلع میں مدرسہ فیض الباری میں مولانا نعمان اختر جمالی کی سرپرستی میں فارم بھرنے میں رہنمائی کی جارہی ہے۔ جب کہ جہان آباد ضلع میں مولانا اظہر خان حبیبی عید گاہ جہان آباد میں فارم بھرنے میں رہنمائی کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
حج 2024 کے لیے بہار ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز
وہیں علمائے کرام کی جانب سے حج کی اہمیت اور اس کی فضیلت کے بیان کے ساتھ ترغیبی بیداری مہم شروع کردی گئی ہے۔ مولانا محمد شاکر قاسمی انچارج پرنسپل مدرسہ عزیزیہ بہار شریف نالندہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ حج اسلام کا اہم ترین رکن اور عبادت ہے۔ حج کو اگر اجتماعی رنگ میں دیکھا جائے تو حج میں مظاہر قدرت کا ایک عظیم سنگم نظر آئے گا۔ حج صاحب استطاعت فرزندان توحید پر فرض ہے۔ جو شخص محض اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے حج کرے جس میں فسق فجور کی باتیں نہ ہوں تو وہ شخص حج سے ایسا واپس ہوتا ہے۔ جیسے اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے جنا تھا۔ لہٰذا صاحب استطاعت فرزندان توحید بلا تاخیر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پیش قدمی کریں۔ عازمین وعازمات حج 2024 کے لیے خوشخبری ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے لیے آن لائن درخواست پر کرنے کی تاریخ کا آغاز مورخہ 4 دسمبر 2023 سے کر دیا ہے اور 20 دسمبر 2023 تک حج درخواست فارم پر کیا جائے گا۔ درخواست فارم پر کرنے کے لیے عازمین وعازمات حج اپنے اینڈ رائیڈ موبائل ایپ Hajsuvidhahttp://hajcommitteegov. inکا استعمال کر فارم پر کر سکتے ہیں۔
ان کاغذات کی ہوتی ہے ضرورت
حج درخواست فارم پر کرنے کے لیے درج ذیل دستاویز کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں انٹرنیشنل پاسپورٹ اور اس پاسپورٹ کی مدت 31/1/2025 تک باقی ہونی چاہیے۔ فوٹو سفید بیک گراؤنڈ کے ساتھ پاسپورٹ سائز، کورونا ویکسین کے دونوں ڈوز کا سرٹیفکیٹ، پین کارڈ کی عکسی کاپی ہیڈ کور کے لیے بلڈ گروپ پاس بک کی عکسی کاپی اگر فارم پر کرنے میں کوئی دشواری ہو تو عازمین حج کے خدمتگاروں سے رابطہ کریں، گیا کے رضاکار بھی عازمین وعازمات حج کی خدمت کے لیے مستعد ہیں۔ مولانا شاکر قاسمی نے کہا کہ حج درخواست فارم آن لائن پُر کرنے کا الحمد للہ مدرسہ عزیزیہ بہار شریف میں بھی نظم ہے۔ لہٰذا تمام عازمین وعازمات حج پہلی فرصت میں حج درخواست فارم پُر کرنے کو یقینی بنائیں۔ اللہ تعالیٰ عازمین وعازمات حج کے تمام مراحل کو کامیاب اور آسان بنائے۔