پٹنہ: جنتادل یونائٹیڈ( جے ڈی یو ) کے ترجمان راجیو رنجن پرساد نے آج کہا کہ بہار میں سماجی اور معاشی تبدیلی کی سمت میں متعدد کام ہو رہے ہیں۔
پہلے 'سات نشچے' اور اب آتم نربھر بہار 'سات نشچے ۔ 2' کے ذریعہ بہار کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کی عبارت لکھی جارہی ہے۔ اس کے توسط سے حکومت نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل کے فروغ کی سمت میں بڑے پیمانے پر پہل کی ہے۔
پرساد نے کہا کہ اپوزیشن کے اکساﺅ کے بعد بہار کے کسان ان کی باتوں میں نہیں آئے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار کے کسان ملک کے دیگر ریاستوں سے زیادہ خوشحال ہیں۔ یہاں زراعت کے شعبہ میں ہمہ جہت ترقی کیلئے تین زرعی روڈ میپ بنے۔ پہلے زرعی روڈ میپ (2008-2012) کا بجٹ 7062.92 تھا، دوسرے زرعی روڈ میپ (2012-2017 ) کا بجٹ 1.29 لاکھ کروڑ تھا ، جبکہ تیسرے زرعی روڈ میپ (2017-2022) کا بجٹ 1.54 لاکھ کروڑ ہے۔