پٹنہ: بہار حکومت نے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ریاست کے باہر سے واپس آنے والے مہاجر مزدوروں کے لئے ایک نعمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'اس اسکیم کے تحت اب تک سات کروڑ 34 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ مزدوری کے دن بنائے جا چکے ہیں۔
دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ رواں سال میں اب تک منریگا اسکیموں کے ذریعے سات کروڑ 34 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ مزدوری کے دن تیار کرنے کے ساتھ کمیونٹی بیت الخلاء کی تعمیر کے کام میں تقریبا 13 ہزار سے زیادہ مزدور کام کر رہے ہیں۔
شرون کمار نے بتایا کہ ریاست میں کل 8386 گرام پنچایتوں میں اس وقت منریگا کا کام جاری ہے، جن میں کام کی بنیاد پر 11 لاکھ 14 ہزار 314 مزدوروں کے لئے ای ماسٹر رول جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اب تک ایم منریگا کے تحت محکمہ دیہی ترقیات کے ذریعہ مجموعی طور پر چار لاکھ 11 ہزار 292 اسکیموں پر کام جاری ہے اور لوہیا سوچھ بہار ابھیان کے تحت 4404 اسکیمیں مکمل ہوچکی ہیں۔
شرون کمار نے بتایا کہ منریگا اسکیموں کے تحت تین لاکھ 68 ہزار 334 ذاتی فائدہ کی اسکیمیں ہیں۔ پانی کے تحفظ کی 9426 اسکیموں میں 373159 مزدور، سرکاری اراضی کی 4955 اسکیموں میں 9116 مزدور اور 8310 دیگر اسکیموں میں 325763 مزدور کام کر رہے ہیں۔