گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں معروف عالم دین و پیر طریقت حضرت مولانا سید اقبال احمد حسنی علیہ الرحمہ کا عرس انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا Urs of Maulana Iqbal Ahmad Hassani، حضرت مولانا سید اقبال احمد حسنی Maulana Iqbal Ahmad Hassani علیہ الرحمہ بہار کے معروف اور جید عالم دین تھے۔ کئی زبانوں پر انہیں مہارت حاصل تھی۔ ان کے مضامین حالات حاضرہ اور مذہبی معاملات پر بے باکی سے ہوتے تھے۔ ان کی تصانیف اور علمی صلاحیت کا چرچہ دانشوروں اور علمی حلقوں میں آج بھی ہے۔
مولانا علیہ الرحمہ شہر گیا کے معروف ادارہ جامعہ برکات منصور کے بانی بھی ہیں اور انہوں نے کئی اداروں کے قائم کرنے میں بے پناہ خدمات انجام دی ہیں، ساتھ ہی برسوں وہ ادارہ شرعیہ مگدھ کمشنری کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمت میں مصروف رہے۔ آج ان کا دوسرا سالانہ عرس منعقد ہوا۔ سنہ 2020 میں کورونا وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران ان کا انتقال پر ملال ہوا تھا۔ آج ان کے عرس کی تقریبات مولانا سید عفان جامی شہزادہ مولانا سید اقبال احمد حسنی علیہ الرحمہ کی سرپرستی میں انجام پائی۔ بعد نماز فجر قرآن خوانی کا اہتمام ہوا اور اس کے بعد مزار مقدس پر سینکڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں چادرپوشی وگلپوشی کی گئی۔
اس دوران مفکر ملت کانفرنس بھی ہوئی جس میں ملک کے نامور علماء کرام اور شعرا اسلام کے ساتھ متعدد خانقاہوں کے سجادگان شریک ہوئے اور اپنے تاثرات کا اظہار کیے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مگدھ ادارہ شرعیہ کے صدر مولانا ذاکر حسین رضوی نے کہاکہ مولانا سید اقبال احمد حسنی علیہ الرحمہ کی شخصیت خود ایک بڑی انجمن تھی، مذہبی قومی وملی اور مسلکی معاملے پر انہوں نے ہمیشہ بے باکی سے آواز بلند کی ہے۔ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے بڑے بڑے عالم انکی علمی صلاحیت کے قائل تھے، کسی بھی موضوع پر انکی گرفت لاجواب تھی، بڑی آسانی سے اپنی بات دوسروں تک پہنچاتے اور سائل ان سے مطمئن ہوکر ہی واپس ہوتا تھا۔