اردو

urdu

ETV Bharat / state

گیا: انوگرہ میموریل کالج کے بورڈ سے اردو اب بھی غائب ہے

شہر گیا میں واقع انوگرہ میموریل کالج کے بورڈ پر دوبارہ اردو عبارت تحریر نہیں کی گئی ہے۔ شرارتی لوگوں کی طرف سے بورڈ سے گزشتہ دو ماہ قبل اردو مٹادی گئی تھی۔

By

Published : Oct 25, 2021, 7:59 PM IST

urdu still missing from sign board of anugrah college gaya
گیا: انوگرہ میموریل کالج کے بورڈ سے اردو اب بھی غائب ہے

بہار میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے تاہم یہاں اردو دشمنی بھی کھل کر کی جارہی ہے۔ جس زبان کے تعلق سے معزز ہستیوں نے اپنی کتابوں و بیانات میں اردو کو میٹھی اور بھارتیہ زبان، پیار ومحبت، آپسی بھائی چارے اور گنگا جمنی تہذیب کی زبان کہا ہے آج اس زبان کو ایک خاص فرقہ سے جوڑ کر اس سے نفرت کی جارہی ہے۔ یہ سلسلہ چند لوگوں تک محدود نہیں بلکہ اب تعلیمی ادارے جو سرکاری ہیں وہاں بھی منتظم طریقے سے کی جارہی ہے۔

گزشتہ دوماہ قبل شہر گیا میں واقع مگدھ یونیورسٹی کے ماتحت ایک بڑے کالج " انوگرہ میموریل کالج" کے بورڈ سے اردو رسم الخط کو مٹادی گئی تھی، جب ای ٹی وی بھارت اردو نے اس سلسلے میں اہتمام کے ساتھ خبر شائع کیا تو محبانِ اردو نے کالج سے ناراضگی کا اظہار کیا اور طلباء یونین سمیت سماجی کارکنوں نے کالج میں احتجاج ومظاہرے کیے۔ ای ٹی وی بھارت اردو کی خبر کے بعد پرنسپل نے جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی بات کہی تاہم معاملہ یعنی جانچ میں سرد مہری کا شکار ہے۔ پرنسپل انوگرہ میموریل کالج سے جب نمائندہ نے رابطہ کیا تو انہوں نے مصروفیت کا حوالہ دے کر بات کرنے سے منع کر دیا۔ یہاں کالج میں موجود کچھ محبان اردو نے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ سے اردو مٹانے کے معاملے پر کاروائی کس پر ہوگی؟ کیونکہ جانچ تو ہوئی ہی نہیں ہے کالج کے پرنسپل اگر اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے تو پہلے بورڈ پر اردو عبارت ہوتی جانچ اور معاملے بعد میں طے ہوسکتے تھے۔


واضح رہے کہ اس حوالے سے ریاستی زبان سیل گیا نے اردو بورڈ سے ہٹائے جانے پر پہلے برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے وضاحتی جواب طلب کیا تھا۔ اس معاملے پر گزشتہ ماہ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے زبان سیل کی انچارج آروب نے کہا تھا کہ کاروائی کی جائے گی اور اس تعلق سے محکمہ کے ہیڈ کوارٹر پٹنہ کو بھی رپورٹ بھیجی گئی ہے، تاہم اس دوران کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

آج جب نمائندہ نے زبان سیل کی انچارج سے رابطہ کیا تو انہوں نے الیکشن کے کاموں میں مصروف ہونے کا حوالہ دے کر ٹال مٹول کردیا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا کالج میں اردو کے ساتھ امتیازی سلوک کا سامنا اسی طرح برقرار رہے گا یا حکومت ریاست کی دوسری سرکاری زبان کے ساتھ انصاف کا معاملہ کرے گی۔'

ABOUT THE AUTHOR

...view details