پٹنہ:بہار کی پٹنہ یونیورسٹی علمی اعتبار سے قومی سطح پر ممتاز یونیورسٹی مانی جاتی ہے، اس یونیورسٹی میں شعبہ اردو کا قیام 1936 میں عمل میں آیا تھا، اس شعبہ سے تربیت یافتہ طلباء کی بڑی تعداد نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر اپنی علمی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ شعبہ اردو کی اہم بات یہ ہے کہ شعبہ کا ادبی ترجمان اردو مجلہ 'اردو جرنل' کے نام سے پابندی کے ساتھ 2010 سے شائع ہو رہا ہے جس میں مختلف موضوعات کے تحت علمی، ادبی، تحقیقی اور معیاری مضامین شائع ہوتے ہیں۔ Department of Urdu Patna University
اردو جرنل کے اختصاص و پیشکش کو دیکھتے ہوئے اب یو جی سی نے اسے اپنی کیئر لسٹ Care list کی فہرست شامل کر لیا ہے، اس لسٹ میں ملک بھر سے چنندہ رسائل کو ہی شامل کیا گیا ہے جس میں اردو جرنل کو بھی نمایاں جگہ ملی ہے۔ اردو جرنل کے یو جی سی لسٹ میں شامل ہونے کے بعد اس میں شائع ہونے والے ریسرچ اسکالرز کے مضامین اب اہمیت کے حامل ہوں گے جو ملازمت یا کسی بھی شعبے میں تقرری کے وقت معاون ثابت ہوگا، اس سے شعبہ کے طلباء میں خوشی کا ماحول ہے۔
اس رسالے نے مختصر وقت میں اپنی خصوصیات و امتیاز کے سبب اردو دنیا میں منفرد شناخت بنا لی ہے۔ اس رسالے میں جہاں نامور ادیبوں، علمی شخصیات اور اہل قلم کے مضامین شائع ہوتے ہیں وہیں یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرز و نئے قلمکاروں کو بھی موقع فراہم کر کے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اردو جرنل کے حوالے سے اس کے مدیر اور شعبہ صدر پروفیسر شہاب ظفر اعظمی بتاتے ہیں کہ شعبہ اردو کے قیام کے 75 سال گزر جانے کے بعد اس وقت کے صدر شعبہ پروفیسر اعجاز علی ارشد و دیگر اساتذہ کی نگرانی میں اردو جرنل کا پہلا شمارہ شائع ہوا تھا۔