ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع راجندر آشرم کانگریس دفتر میں کانگریسی رہنما عمیر خان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ عمیر خان گزشتہ 24 جولائی کو جن ادھیکار پارٹی سے مستعفی ہوکر آل انڈیا کانگریس دفتر دلی میں کانگریس پارٹی کی رکنیت حاصل کی تھی۔ عمیر خان کا تعلق ضلع گیا کے ایک بڑے سیاسی گھرانے سے ہے وہ گیا ضلع پریشد کے عہدے پر فائز ہیں۔
گیا کانگریس دفتر میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمیر خان عرف ٹکا خان نے کہا کہ 'ملک میں مہاتما گاندھی کی آئیڈیالوجی کو مودی حکومت ختم کرکے ناگپوری آئیڈیالوجی عوام پر تھوپنے کی مہم میں ہے۔ ملک کا ہر شعبہ خواہ وہ تجارتی ہو یا زراعتی شعبہ ہو سبھی کو اپنے مستقبل کے بارے میں فکر لاحق ہے کیونکہ سبھی شعبے پر مودی حکومت کی غلط پالیسیوں سے گہرا اثر پڑا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'مودی حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں انصاف اور آئین کا گلا گھونٹا ہے۔ آئین کی روح مجروح کرنے کی کوشش مودی حکومت نے کی ہے۔ سرکاری ایجنسیوں کو ملک کے تحفظ میں لگانے کے بجائے اپنے سیاسی مخالفین پر نگرانی کرنے اور انہیں پریشان کرنے میں لگایا ہے۔ ملک میں مودی حکومت کے خلاف اگر کوئی ڈٹ کر مقابلہ کررہا ہے تو وہ کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی ہیں جنہوں نے ہر مورچہ پر حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'راہل گاندھی کی بے باکی اور صاف گوئی سے ہی متاثر ہو کر انہوں نے کانگریس پارٹی کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی کی پہل پر کانگریس کی رکنیت حاصل کی ہے۔ دراصل عمیر خان عرف ٹکا خان کا سیاسی گھرانہ رہا ہے انکے والد مرحوم اخیار خان اندرا گاندھی کے دور اقتدار میں بہار کے سینئر کانگریسی رہنما تھے۔'
عمیر خان کے ماموں مرحوم شکیل احمد خان بہار کے قدآور رہنماء تھے اور انہوں نے لالو رابڑی حکومت میں بہار کے کئی بڑی وزرات کی ذمہ داری نبھائی ہے۔ عمیر خان اس سے پہلے سابق رکن پارلیمان راجیش رنجن عرف پپو یادو کی پارٹی جن ادھیکار پارٹی کے ریاستی کارگزار صدر کے عہدے کے ساتھ ریاستی ترجمان کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔'