ریاست بہار کے ضلع ارریہ میں کورونا ویکسینیشن مہم اب رفتار پکڑ رہی ہے، ضلع میں اب تک تقریبا نو ہزار سے زیادہ لوگوں نے ٹیکہ لگوایا ہے، ٹیکہ کاری مہم اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اس مہم کے تحت ضلع میں 3686 لوگوں کو کورونا ویکسین دیئے جانے کا ہدف ہے۔
ضلع کلکٹر پرشانت کمار نے بھی چند روز قبل کورونا ویکسین کی خوراک لی تھی جس سے لوگوں میں اس ویکسین سے متعلق غلط فہمی دور ہو گئی ہے اور لوگوں میں بیداری آئی ہے، اسی کے تحت آج ضلعی صدر ہسپتال میں واقع کورونا ویکسین سینٹر پر ایس ڈی او شلیش چندر دیواکر اور ایس ڈی پی او پشکر کمار نے کورونا ویکسین کی خوراک لی۔
تمام کاغذی کارروائی کے بعد دونوں آفسر نے ویکسین کی خوراک لی اور خوراک لینے کے بعد نصف گھنٹہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رہے، سینٹر سے باہر نکلنے کے بعد صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ایس ڈی او شلیش چندر دیواکر نے کہا کہ یہ ویکسین پوری طرح محفوظ ہے، اس مہم میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ حصے لینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت کورونا وبا سے گزر رہا ہے، ایسے میں ہمارے ملک کے سائنسدانوں نے کورونا ویکسین بنا کر ملک کے تئیں اپنی ذمہ داری انجام دی ہے، آج اس ٹیکہ کو لگانے کے بعد ہمیں خوشی کے ساتھ فخر بھی محسوس ہو رہا ہے، اس کے لئے ملک کے سائنسدانوں کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔
کیرالہ میں بی جے پی کی استقامت نتیجہ خیز
وہیں ایس ڈی پی او پشکر کمار نے کہا کہ ارریہ محکمہ صحت شروع سے ہی کورونا وبا کو لے کر حساس رہی ہے، محکمہ صحت پولس انتظامیہ کا اہم جز ہے، دونوں کے آپسی تال میل سے ہی ہم اس وبا سے پیدا ہونے والی دشواریوں کا مقابلہ کرتے آئے ہیں، عوام کی خدمت کے لئے ہم آگے بھی اسی جذبے سے کھڑے رہیں گے۔
ایس ڈی پی او نے کہا کہ کورونا ویکسین اس وبا کا سب سے بڑا ہتھیار ہے لہذا لوگوں کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، جس کا نمبر آئے ترجیحی بنیاد پر اس ویکسین کو لے تاکہ آپ کی زندگی محفوظ رہ سکے۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف، ڈی آئی او ڈاکٹر معیز احمد وغیرہ بھی موجود تھے.