ریاست بہار کے ضلع گیا کے کسان ان دنوں مونگ کی فصل کو لے کر کافی پریشان ہیں، خاص طور پر وہ کسان جو گرمی کے موسم میں مونگ کی کاشت کرتے ہیں۔ محکمہ زراعت کے مطابق رواں برس بارش کی وجہ سے ضلع کے 23 ہزار ایکڑ میں لگی مونگ کی فصل برباد ہوگئی ہے۔
گیا: بارش کے باعث مونگ کی فصل برباد
ضلع میں مسلسل بارش کی وجہ سے قریب ساڑھے تین لاکھ کوئنٹل نقصان ہونے کے امکانات ہیں، بارش کی وجہ سے مونگ کی فصل پانی میں ڈوب گئی ہے، جہاں سینکڑوں کوئنٹل مونگ ہوتی تھی، وہاں پانچ یا چھ کوئنٹل تک ہی اس کی فصل ہوپائی ہے۔
بارش کے باعث مونگ کی فصل برباد
دراصل کسانوں کے مطابق مونگ کو توڑنے کا وقت جون اور جولائی کا ماہ ہوتا ہے لیکن جس وقت مونگ کے تیار ہونے کا وقت تھا اس وقت مسلسل بارش ہوگئی، ایسے میں کسانوں کو نقصان ہوا ہے، یوں تو کسان منڈیوں میں مونگ 60 سے 80 روپے کلو فروخت کرتے ہیں تاہم اس کا ریٹیل ریٹ 90 سے سو روپے فی کلو ہے۔
بارش کے باعث مونگ کی فصل برباد
وزیر گنج بلاک میں کئی ایکڑ میں لگی مونگ کی فصل پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، اس سلسلے میں کسان رمیش سنگھ بتاتے ہیں کہ مختلف علاقوں میں رک رک کر مسلسل بارش ہو رہی ہے، ایسے میں مونگ کی فصل کو بچانے کی امید نہ کے برابر ہے، کھیتوں میں بارش کا پانی بھر گیا ہے، حکومت کی طرف سے کسی طرح کا معاوضہ یا پھر کاشت کے لیے مدد کی رقم نہیں ملتی ہے۔
کسان دھیرج بتاتے ہیں کہ مونگ کی فصل کے تعلق سے ڈسٹرکٹ سے لیکر بلاک سطح کے افسران سے رابطہ کر کے مدد مانگی گئی ہے تاہم کوئی بھی ان کے نقصانات کو دیکھنے تک نہیں پہنچا ہے، بی ڈی او سے رابطہ کیا گیا تو وہ ٹال مٹول کرگئے۔
ایک اور کسان سونو نے بتایا کہ ان کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے، عالم یہ ہے کہ جو خرچ کاشتکاری میں ہوا ہے وہ بھی نکلنا ممکن نہیں ہے، ایسا ہی حال رہا تو لوگ مونگ کی فصل کرنا چھوڑ دیں گے۔
واضح رہے کہ ضلع گیا میں بڑے پیمانے پر مونگ کی فصل کی کاشتکاری ہوتی ہے، بارش کی وجہ سے اس مرتبہ کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔