پٹنہ:ریاست بہار میں حج 2022 کی تیاری کا عمل شروع ہو چکا ہے جب کہ بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ گزشتہ تین ماہ سے خالی ہے، پچھلی کمیٹی کی مدت کار ختم ہونے کے باوجود حکومت نے نئی حج کمیٹی کی تشکیل نہیں کی ہے۔ فی الوقت حج بھون میں کوئی کمیٹی نہیں ہے جب کہ حاجیوں کا سفر اگلے ماہ سے شروع ہونے والا ہے۔ اب سوال یہ کھڑا ہورہا ہے کہ اقلیتوں سے متعلق ادارے اپنے عارضی یا مستقل سربراہ کے بغیر ہی دن کاٹتے رہیں گے؟ اگر ایسا ہے تو پھر حج آپریشن 2022 کی تیاری بہتر ڈھنگ سے کیسے ممکن ہے؟ کیونکہ کئی ایسی چیزیں اور مسائل درپیش ہوتے ہیں جس کے سدباب میں کمیٹی اور چیئرمین کا رول اہم ہوتا ہے۔ اگر کمیٹی نہ ہو تو عارضی طور پر چیئرمین کی بحالی ہونی چاہیے تاکہ دو سال بعد اس بار حج پرواز کا عمل سابقہ روایت کے تحت انجام پائے۔
گیا حج پرواز کوآرڈینیشن کمیٹی و گیا رضا کار حج کمیٹی کے کنوینر موتی کریمی کہتے ہیں کہ چیئرمین اور کمیٹی کی تشکیل نو نہیں ہونے سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے کیونکہ کورونا کے دو سال بعد کئی نئے اصول و ضوابط کے ساتھ اس مرتبہ حج پرواز ہوگی اور اگر ایسے میں وقت پر کمیٹی کی تشکیل نہیں ہوتی ہے تو باعث تشویش ہے اور اس صورت میں حکومت کے ارادے اور نیت پر بھی سوال کھڑے ہوتے ہیں۔Bihar State Haj Committee