پٹنہ:سی پی ایم سینٹرل کمیٹی کے رکن و جموں کشمیر کے رکن اسمبلی یوسف تاریگامی شہر کے آئی ایم اے ہال میں "انسداد فرقہ وارانہ کنونشن" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سے ہماری آزادی چھینی جا رہی ہے، غلامی کی روایت دوہرائی جا رہی ہے، ملک میں افراتفری کا ماحول ہے، عوام سے کئے گئے وعدے کو چھپانے کے لئے مذہبی منافرت کو ہوا دی جا رہی ہے تاکہ لوگ اسی میں الجھ کر رہ جائیں، اس لئے میں بہار کے عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ متحد ہو جائیں اور ملک میں فرقہ پرستی اور نفرت کو پھیلنے سے روکیں، بہار نے ہمیشہ سے ملک کو ایک راہ دکھائی ہے، دیگر ریاستوں میں سرکار خرید کر بنا لی گئی مگر یہاں وہ ناکام ہو گئے، جس کی بوکھلاہٹ صاف دکھائی دے رہی ہے۔Muhammad Yusuf Tarigami on a visit to Bihar
کامریڈ یوسف نے کہا کہ آج کشمیریوں کے تعلق سے ملک میں غلط ہوا بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، میں ہمیشہ کہتا آیا ہوں کشمیری بھائی آپ کے بھائی ہیں، کشمیر ہمارے ملک ہندوستان کا حصہ ہے، آپ ہمیں خود سے الگ نہ سمجھیں، کشمیر کا چہرہ اتنا خراب نہیں تھا جتنا بنایا گیا اور بنایا جا رہا ہے، اس سے قبل کشمیر میں مندر مسجد اور گرو دارے کے درمیان کہیں کوئی دیوار نہیں تھی، ہمارے بزرگوں نے ایک ایسے آزاد ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں سب کچھ ہم ہندوستانیوں کا ہو، ہماری شناخت، ہماری زندگی کے فیصلے، ہمارا کاروبار، ہماری سیاست، ہمارا سکھ دکھ سب ہمارا ہو، اس پر کسی خاص کا زور نہ ہو لیکن آزادی کے 75 سال بعد بھی آج ہم سے پوچھا جاتا ہے تم کون ہو؟ کشمیریوں سے پوچھا جاتا ہے کہ کہاں سے آئے ہو پوری تفصیل دو، جس کشمیر کا سب کچھ اپنا تھا آج مرکزی حکومت حاوی ہو چکی ہے۔