شہر گیا کے امبیڈکر پارک سے گاندھی چوک تک سی پی آئی نے ویشالی کی بیٹی گلناز کو انصاف دلانے اور حکومت کی مخالفت میں احتجاجی جلوس نکالا۔ پارٹی کے مرد و خواتین کارکن اور رہنماء جلوس میں شریک ہوئے۔ اس دوران حکومت کے تئیں ناراضگی کا بھی اظہار کیا گیا اور مخالفت میں فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔
سی پی آئی نے گلناز کوانصاف دلانے کے لیے یوم مزاحمت منایا جلوس میں شامل رہنماء و کارکن نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کو یقینی بنایا جائے جنہوں نے پندرہ دنوں تک معاملے کو اجاگر ہونے سے روکا۔ اگر انتظامیہ معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وقت پر کارروائی کرتی تو گلناز کو بہتر علاج دستیاب ہوتا اور آج گلناز مرحومہ نہیں ہوتی۔
سی پی آئی کارکن نے دعویٰ کیا ہے کہ جب تک ویشالی کی بیٹی کو انصاف نہیں ملتا تب تک بائیں بازو اور بہار کا عظیم اتحاد خاموش نہیں بیٹھے گا۔
یوم احتجاج کے متعلق سی پی آئی کے رہنما جتیندر نے کہا کہ یوم احتجاج منانے کا مقصد صرف اور صرف بیٹیوں کوانصاف دلانا ہے۔ ان لڑکیوں کے ساتھ بہار کا ہرشخص کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی سے لیکر سڑک تک احتجاج جاری رہیگا۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے گلناز کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور گلناز کے لواحقین کو پچاس لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
شبانہ داؤد اقبال، سماجی کارکن خاتون رہنما نیلو نے بھی گلناز کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا بیٹیاں انسانی درندوں کی شکار ہو رہی ہیں اور حکومت خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
شبانہ داؤد اقبال نے مرکزی وریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صرف 'بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ' کانعرہ دکھاوا ہے۔ حکومت بچیوں کی حفاظت کے لیے سخت قانون کیوں نہیں بناتی ہے۔ تمام بیٹیاں انسانی درندوں کی بری نظر میں ہیں جو قانون پہلے سے بنے ہیں اس پر سختی سے عمل درآمد کیوں نہیں ہوتا ہے پورا سرکاری سسٹم خراب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ جانچ کراکر بہار کی بیٹی گلناز کو انصاف دیا جائے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ 30 اکتوبر کو ضلع ویشالی کے دیسری تھانہ حدود کے تحت واقع گاؤں رسول پور حبیب میں پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیس سالہ لڑکی کچرا پھینکنے جارہی تھی۔ اسی دوران تین نوجوانوں نے اسے پکڑ لیا لڑکی کی جانب سے مزاحمت کرنے پر جسم پر تیل ڈال کر آگ لگا دی جس میں گلناز شدید طور سے زخمی ہوگئی، گزشتہ روز پی ایم سی ایچ پٹنہ میں علاج کے دوران اسکی موت واقع ہوگئی تھی۔