پٹنہ:بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں پیر کے روز تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی ای ٹی امیدواروں نے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کیا، اس دوران پولیس نے امیدواروں پر لاٹھی بھی چارج کیا جس میں کئی طلبا شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ Tet Candidated Protest in Patna
احتجاج کے دوران پٹنہ لاء اینڈ آرڈر کے اے ڈی ایم کے کے سنگھ نے ڈاک بنگلہ چوراہے پر احتجاج کررہے ایک امیدوار کو شدید طریقے سے پیٹا جس سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہوگیا۔ اس حوالے سے جب میڈیا نے اے ڈی ایم سے سوال پوچھا تو انہوں نے میڈیا سے بھی ہاتھا پائی شروع کردی۔ تاہم بعد ازیں انہوں نے بتایا کہ امیدوار وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو گالی دے رہا تھا جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
اس معاملے کے بعد پٹنہ ڈی ایم چندر شیکھر سنگھ نے اے ڈی ایم 'کے کے سنگھ' کو فورا موقع سے ہٹا دیا اور ان کے خلاف جانچ کا حم دیتے ہوئے پٹنہ کے ڈی ڈی سی اور سٹی ایس پی ویسٹ سے دو دن میں رپورٹ سونپنے کی بات کہی، طالب علم کو بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔