گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے فتح پور تھانہ علاقے میں دو فرقوں میں معمولی باتوں کو لے کر تنازع ہو گیا ہے ، جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی اور اس پر قابو پانے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کو موقع پر پہنچ کر کاروائی کرنی پڑی ، اس معاملے کے تعلق سے پولیس نے کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے ، فتح پور کے منجھولی اور بردواں گاوں میں یہ تنازع ہوا ہے ، ڈسٹرک مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کے مطابق تنازع کی کئی وجوہات ہیں جس میں ایک بچوں کے درمیان کھیل اور دوسرا قبرستان کی ایک جگہ پر چاؤمن کا ٹھیلہ لگانا ہے ، معمولی باتوں کو لے کر کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اب صورتحال بہتر ہے ، ایف آئی آر بھی درج ہوئی ہے ، معاملے کو بڑھانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ،دونوں طرف سے سنگ باری بھی ہوئی ہے البتہ اس سنگ باری میں کوئی سنگین حالت میں زخمی نہیں ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ مذکورہ واقعے کو لے کر سنجیدہ ہے ، سماج دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا ،جو شخص معاشرہ کے بھائی چارہ امن اور قانون کی صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش کرے گا، ان کے خلاف لازمی طور پر کاروائی کی جائے گی ، پنچایت اور اس گاؤں سے جڑے سبھی عام لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی پریشانی اور مسائل کو انتظامیہ کے درمیان رکھیں ، آپس میں الجھنے کا کام نہیں کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے حساس مقامات پر افسران اور پولیس افسران و جوانوں کو تعینات کیے جانے کے ساتھ حساس مقامات کی پہچان کر سی سی ٹی وی کیمرے لگوائے گئے ہیں تاکہ ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ انہوں نے اس دوران سماج دشمن عناصر کی طرف سے قبرستان کی بونڈری کو پہنچائے گئے نقصان کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کے ساتھ سب ڈویژنل آفیسر کو ہدایت دی کہ قبرستان کی باؤنڈری کو فوری طور پر درست کرایا جائے ، ڈی ایم نے شانتی سمیتی کی میٹنگ میں آئے ہوئے گاؤں کے بزرگوں سے کہا کہ وہ اپنے گاؤں کے نوجوانوں کو پرسکون رکھیں ، کیونکہ وہ جذبات میں آکر امن و قانون کی صورتحال کو بگاڑنے میں لگتے ہیں تو ان پر سخت کاروائی ہوگی۔