مدھوبنی: بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے بدھ کو مدھوبنی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں ہزاروں کروڑ روپے خرچ کر کے بھگوان رام کا مندر بنایا جا رہا ہے۔ رام مندر، مودی جی کی ضرورت ہے۔ اگر رام چاہتے تو کیا اپنا مندر نہ بناتے؟ مودی کو رام جی سے بڑا کہا جا رہا ہے۔ یہ سب فضول باتیں ہیں۔ دل و دماغ میں ایمان ہونا چاہیے۔ نیت صاف ہونی چاہیے۔ تیجسوی یادو سابق ایم پی آنجہانی پروفیسر رام دیو بھنڈاری کے مجسمے کی نقاب کشائی کے لیے مدھوبنی ضلع کے جھانجھر پور آئے تھے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی صرف تقریریں کرتے ہیں، انہوں نے کیا کام کیا ہے؟ ریل سمیت کئی چیزوں کو فروخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے غریبوں کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے دینے کی بات کی تھی۔ کالا دھن ابھی تک نہیں آیا۔ للت مودی، نیرو مودی جیسے لوگ ہزاروں کروڑوں روپے لوٹ کر بھاگ گئے اور چوکیدار نے کیا کیا؟۔