بہار میں گیا کے گاندھی میدان میں آئندہ تین اپریل کو بین الاقوامی فیضانِ تصوف کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مکہ و مدینہ منورہ کے علاوہ بغداد، مصر، لندن، پاکستان، امریکہ سے صوفیائے کرام شرکت کریں گے۔
مگدھ کی سرزمین پر پہلی بار پوری دنیا کے صوفیائے کرام جمع ہوں گے۔ اس کانفرنس میں بھارت کے مشہور مقررین کے علاوہ دیگر ملکوں کے صوفیا بھی شرکت کریں گے۔ ان میں خاص طور پر مصر کی جامعہ الازہر یونیورسٹی کے مشہور عالم شیخ الممدود، عراق کے محمد علی الحربی، مدینہ منورہ کے جعفر حسینی الشجالی، لندن کے محمد سعید الحسینی، پاکستان کے مشہور شاعر حافظ طاہر رضا شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ اس کانفرنس میں خواجہ غریب نواز اجمیر شریف کے سجادہ نشیں سید مہندی میاں، نظام الدین اولیاء دہلی کے سجادہ نشیں سید صادق سرور حسین نظامی، قطب الدین بختیار کاکی کے سجادہ نشیں سید بدر ربانی، بریلی شریف سے عمر رضا خاں، کچھوچھہ شریف سے سید حمزہ اشرف میاں، خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف کے سجادہ نشین سید نجیب حیدر میاں کے علاوہ بہار کی خانقاہوں کے سجادگان بھی موجود ہوں گے جنہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کرنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔