بہار کے ضلع ارریہ کے محل گاؤں تھانہ میں تعینات سب انسپکٹر سدھانشو شیکھر نے تھانہ کے اندر ہی اپنے سرکاری پستول سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے کی کوشش کی لیکن اسے بچا لیا گیا۔
معاملہ کے بعد محل گاؤں تھانہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا، اس بیچ مقامی لوگ بھی اس واقعہ کے بعد تھانہ میں جمع ہو گئے اور کسی طرح سمجھا بجھا کر سب انسپکٹر کو تھانے سے باہر لایا گیا۔
سب انسپکٹر سدھانشو شیکھر نے تھانہ صدر سدا نند شاہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'کافی دنوں سے مجھے ذہنی طور پر پریشان کیا جا رہا تھا، جس سے دلبرداشتہ ہو کر مجبوراً مجھے یہ قدم اٹھانا پڑا، تھانہ صدر کے ذریعہ جس طرح سے مجھے قدم قدم پر ٹارگیٹ کیا جا رہا تھا جس کے بعد میرا کام کرنا مشکل ہو گیا تھا۔ اس بات کی تحریری شکایت میں نے کئی اعلیٰ افسران سے بھی کی مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا'۔
سب انسپکٹر کی خدکشی کرنے کی خبر جیسے ہی ایس پی دھورت سائلی کے پاس پہنچی انہوں نے فوراً ایس ڈی پی او پشکر کمار کو محل گاؤں تھانہ بھیج کر ایس آئی سدھانشو کمار کو لائن حاضر کرنے کی ہدایت دی۔
سدھانشو کمار کے لائن حاضر ہوتے ہی ان سے سروس ریوالور لے کر جمع کر لیا گیا، ایس ڈی پی او پشکر کمار نے کہا 'ایس آئی کو کیا پریشانی تھی اس کی جانچ ہو رہی ہے، اس میں اگر کوئی قصور وار ہوا تو اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔'