بہار حکومت کے پرائیویٹ اسکولز رویہ پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے پرائیویٹ اسکولز اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن Private Schools and Children's Welfare Association کے قومی صدر سید شمائل احمد نے کہا کہ ریاستی حکومت کی منشا کیا ہے؟ مسلسل بچوں کے مستقبل سے کیوں کھلواڑ کیا جا رہا ہے؟ بہار بورڈ کے ذریعہ تمام سرکاری اسکولوں میں فیزیکل طور پر پریکٹیکل امتحانات کا انعقاد کیا گیا ہے اور اس کے بعد تمام پرائیویٹ اسکولز میں بہار بورڈ کے لیے امتحان سینٹر بنایا جا رہا ہے۔ جس کے لئے پرائیویٹ اسکولز کو ایک بھی پیسہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ حکومت کا یہ کیسا انصاف ہے کہ ہمیں اسکول کھولنے کی اجازت نہیں ہے مگر بورڈ کے امتحان میں ہمارا استعمال کیا جا رہا ہے۔ کیا اس سے کورونا نہیں پھیلے گا۔
سید شمائل احمد نے کہا کہ ڈبلو ایچ او نے صاف طور سے کہہ دیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے اسکولز کو بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، اور پھر جب مہاراشٹر جیسی ریاست میں جہاں کورونا کا خطرہ سب سے زیادہ ہے وہاں کھول دیا گیا ہے تو بہار میں اسکول کیوں نہیں کھولا جا رہا ہے۔