گیا:ریاست بہار میں طویل انتظار کے بعد خالی پڑے بورڈ اور کمیٹیوں کو پر کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ حکومت نے مدرسہ بورڈ اور اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ساتھ ہی اراکین کے ناموں کی تجویز پر بھی مہر لگا دی ہے حالانکہ ابھی بھی بہار میں کئی بورڈ اور کمیٹیوں کے عہدے خالی ہیں جس کو لے کر گہما گہمی ہے۔ مدرسہ بورڈ کے تعلق سے محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سلیم پرویز کو بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ بطور رکن کمیٹی میں جنہیں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے نام محبوب عالم رکن اسمبلی ، سید رکن الدین ، خالد انور رکن قانون ساز کونسل ، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حکومت بہار ، ڈائریکٹر عربی اور فارسی اسٹڈی اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ پٹنہ ، پرنسپل مدرسہ اسلامیہ شمس الہدی پٹنہ ،چیئرمین اسٹیٹ سنی وقف بورڈ پٹنہ ،چیئرمین بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ پٹنہ ، ہمایوں اختر بہار شریف، عبدالکریم انصاری عرف پھول حسن انصاری مدھوبنی ، ریاض الانصاری مشرقی چمپارن اور شبیر احمد مظفر پور ہیں ۔
اس کمیٹی کی مدت کار تین سال کی ہوگی، ساتھ ہی حکومت نے اقلیتی کمیشن کی بھی تشکیل نو کر دی ہے۔ محکمہ اقلیتی فلاح کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سابق رکن اسمبلی ریاض الحق راجو کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ، نوشاد عالم وائس چیئرمین بنائے گئے ہیں۔نو تشکیل کمیٹی میں مظفر حسین راہی جہان آباد، مہتاب عالم عرف کابل احمد رہتاس ، افتخار احمد عرف مننا تیاگی مغربی چمپارن، ڈاکٹر اقبال سمیع مظفر پور ،محترمہ افروزه خاتون نواده ،مرتضی علی قیصر سیوان اور مکیش جین بیگو سرائے کو رکن نامزد کیا گیا ہے۔ نو تشکیل کمیٹی کی مدت کار تین سالوں کی ہوگی۔